شدید گرمی اور خشک سالی کے خلاف فصلوں کا قدرتی دفاع، روسی سائنس دانوں کی اہم پیش رفت

0
8
شدید گرمی اور خشک سالی کے خلاف فصلوں کا قدرتی دفاع، روسی سائنس دانوں کی اہم پیش رفت

روس کی ساؤتھ یورل اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے ایک تحقیق میں پودوں کے اس قدرتی نظام کا جائزہ لیا ہے جو انہیں شدید گرمی اور خشک سالی جیسے مشکل موسمی حالات کامقابلہ کرنےمیں مدددیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق پودوں کے خلیوں میں پیدا ہونے والی ری ایکٹو آکسیجن اسپیشیز (ROS) اگرچہ زیادہ مقدار میں خلیوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، تاہم یہی مرکبات پودوں کے دفاعی نظام کو متحرک کرنے والے اہم سگنلز کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گندم، چاول، جو، باجرا اور جوار سمیت متعدد اہم اناج کی فصلیں موسمیاتی تبدیلی کے باعث بڑھتی ہوئی گرمی اور طویل خشک سالی سے متاثر ہو رہی ہیں۔ ایسے میں پودوں کے قدرتی دفاعی نظام کو سمجھنا مستقبل میں زیادہ مضبوط اور موسمیاتی دباؤ برداشت کرنے والی فصلوں کی تیاری میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ ROS پودوں کے جینیاتی نظام میں ایسی تبدیلیاں پیدا کرنے میں کردار ادا کرسکتے ہیں جو انہیں مستقبل میں دوبارہ اسی نوعیت کے شدید موسمی دباؤ کا سامنا ہونے پر زیادہ تیزی سے ردعمل دینے کے قابل بناتی ہیں۔

سائنس دانوں کے مطابق اس عمل کو ’اسٹریس میموری‘ سے بھی جوڑا جا رہا ہے، جس کے اثرات ممکنہ طور پر اگلی نسلوں تک منتقل ہوسکتے ہیں۔ اگر مزید تحقیق سے اس امکان کی تصدیق ہوتی ہے تو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات برداشت کرنے والی فصلوں کی افزائش کے لیے نئے راستے سامنے آسکتے ہیں۔

Leave a reply