سابق بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کے گھر پر حملہ، تحقیقات جاری

0
37
سابق بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کے گھر پر حملہ، تحقیقات جاری

ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن کے آبائی ضلع ماگورا میں واقع گھر پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے گھر پر اینٹیں اور پتھر پھینکے، کھڑکیوں کے شیشے توڑے اور مکان کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ پانچ اگست کی رات پیش آیا۔ مقامی افراد نے حملے کے دوران دھماکوں جیسی آوازیں سننے کی اطلاع دی، جنہیں ابتدائی طور پر آتش بازی یا پٹاخوں کی آواز قرار دیا گیا۔

بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ حملہ آوروں نے پیٹرول بم بھی استعمال کیے، تاہم پولیس نے اس دعوے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی۔

ماگورا صدر پولیس اسٹیشن کے افسر انچارج عبداللہ المامون کے مطابق شرپسند عناصر نے گھر کو نقصان پہنچانے کے ساتھ اسے نذرِ آتش کرنے کی کوشش بھی کی۔ واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب شکیب الحسن نے چند گھنٹے قبل معزول سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی ایک ورچوئل میڈیا گفتگو میں شرکت کی تھی۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں، تاہم حکام نے تاحال حملے اور اس تقریب کے درمیان کسی تعلق کی تصدیق نہیں کی ہے۔

شکیب الحسن ماضی میں عوامی لیگ کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ بھی منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ بنگلادیش میں سیاسی تبدیلی کے بعد سے ملک کی سیاسی صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Leave a reply