خلیج میں بڑا کھیل شروع! کیا ایران کے ہاتھ آ گیا عالمی تجارت کا کنٹرول؟

0
2
خلیج میں بڑا کھیل شروع! کیا ایران کے ہاتھ آ گیا عالمی تجارت کا کنٹرول؟

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کے انتظام سے متعلق ایک نئے مجوزہ معاہدے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق دونوں ممالک نئی سمندری راہداری کے انتظام اور اس کے بنیادی نکات پر اتفاق کر چکے ہیں، جبکہ مشترکہ اعلامیے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ نئی راہداری کے جغرافیائی انتظام پر دونوں ممالک کے درمیان اتفاق رائے قائم ہو گیا ہے۔ نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی کے مطابق مجوزہ نظام کے تحت آنے اور جانے والے جہازوں کی راہداری زیادہ تر ایرانی سمندری حدود سے گزرے گی۔
اگر یہ معاہدہ نافذ ہو جاتا ہے تو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی اور تیل بردار جہازوں کے انتظام میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ سمجھی جاتی ہے، جہاں سے دنیا کے خام تیل اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مجوزہ معاہدے میں نئی راہداریوں کے قیام اور ممکنہ ٹرانزٹ فیس سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ تاہم ان نکات پر دونوں ممالک کے درمیان حتمی اتفاق ہونا ابھی باقی ہے۔۔ ایران کی جانب سے علاقائی سلامتی کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیا گیا، جبکہ مختلف ممالک نے تنازع کے بجائے سفارتی حل پر زور دیا۔
اقوامِ متحدہ نے بھی تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
اگرچہ معاہدے کے بنیادی خدوخال پر پیش رفت ہوئی ہے، تاہم اس کے قانونی، تکنیکی اور آپریشنل پہلوؤں پر مزید بات چیت جاری ہے، جس کے بعد ہی اس کے حتمی نفاذ سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔

Leave a reply