
پاکستانی اداکار احسن خان نے حالیہ گفتگو میں خواتین کی خودمختاری اور ترقی کے حوالے سے مردوں کو اہم پیغام دیا ہے۔
احسن خان کا کہنا ہے کہ شوہروں کو چاہیے کہ وہ اپنی بیویوں کو زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں اور انہیں صرف گھر کے کاموں تک محدود نہ رکھیں۔
اداکار نے کہا کہ اگر ایک شخص اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کر رہا ہے تو اسے کوشش کرنی چاہیے کہ اس کی شریکِ حیات بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابی حاصل کرے۔ ان کے مطابق خواتین کو صرف بچوں اور گھریلو ذمہ داریوں تک محدود کر دینا درست نہیں۔
احسن خان نے زور دیا کہ شوہروں کو اپنی بیویوں کا ساتھ دینا چاہیے، انہیں تعلیم، ہنر اور نئے تجربات کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی اہلیہ کی دلچسپیوں اور صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اداکار نے مزید کہا کہ خواتین کو خودمختار بنانے سے خاندان مضبوط ہوتا ہے اور ایک بہتر معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔









