ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں کارکردگی پر وضاحت پیش کردی

0
23
ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں کارکردگی پر وضاحت پیش کردی

پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور قومی جیولن تھروور ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقابلے کے دوران شدید سرد موسم اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث ان کی باڈی اکڑ گئی، جس سے وہ اپنی بہترین تھرو نہیں کر سکے۔

اپنے آبائی شہر میاں چنوں میں گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ انہوں نے مقابلے کے لیے مکمل تیاری کی تھی، تاہم پاکستان کے گرم موسم میں ٹریننگ کے بعد سرد ماحول میں اچانک مقابلہ کرنے سے ان کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ ان کے مطابق وہ معمول کے مطابق رن اپ لینے میں کامیاب نہ ہو سکے، جس کی وجہ سے بہترین تھرو نہ کر سکے۔

انہوں نے اپنی کارکردگی پر قوم سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں ہر کھلاڑی کے اچھے اور مشکل دن آتے ہیں اور ہر مقابلے میں کامیابی ممکن نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پوری محنت اور دیانتداری سے بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی۔

ارشد ندیم نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے آگاہ ہیں، تاہم وہ اسے مثبت انداز میں لیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ عوام کو ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں کیونکہ قوم کی دعائیں اور اعتماد ہی ان کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔

قومی ایتھلیٹ نے بتایا کہ اب ان کی تمام توجہ آنے والے بین الاقوامی مقابلوں پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی خامیوں پر کام کریں گے اور آئندہ ایونٹس میں پہلے سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے تاکہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر مزید روشن کر سکیں۔

Leave a reply