اٹارنی جنرل کے گھر پولیس کا دھاوا، ایس ایچ او سمیت 11 اہلکار مقدمے کی زد میں

0
14
اٹارنی جنرل کے گھر پولیس کا دھاوا، ایس ایچ او سمیت 11 اہلکار مقدمے کی زد میں

لاہور میں اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر پر مبینہ طور پر غلطی سے چھاپہ مارنے کے واقعے پر ایس ایچ او سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اہلکاروں کو چارج شیٹ بھی کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق 27 جولائی کی شام تھانہ سرور روڈ کے ایس ایچ او کی سربراہی میں پولیس ٹیم ایک اطلاع پر کارروائی کے لیے پہنچی، تاہم مبینہ طور پر غلطی سے اٹارنی جنرل کےگھر میں داخل ہوگئی تھی۔ پولیس کا یہ کہنا ہےکہ اطلاع ملحقہ گھر میں جرائم پیشہ افرادکی موجودگی سےمتعلق تھی۔
اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان کے مطابق چھاپے کے وقت گھر میں صرف ملازمین موجود تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ملازمین کو ہراساں کیا، گھر کے باہر رکھے گملوں کو نقصان پہنچایا اور جاتے ہوئے سی سی ٹی وی نظام کا ڈی وی آر بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر اٹارنی جنرل منصور اعوان گھر پہنچے، جس کے بعد سی سی ٹی وی کا ڈی وی آر واپس کر دیا گیا۔ ڈرائیور کا دعویٰ ہے کہ ڈی وی آر واپس کرنے سے قبل اس میں موجود فوٹیج حذف کر دی گئی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس اہلکاروں پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایس ایچ او سرور روڈ نے مقدمہ درج ہونے کے بعد عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔
واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

Leave a reply