ہزاروں کینسر مقدمات، جانسن اینڈ جانسن کی اربوں ڈالر کی پیشکش سامنے آگئی

امریکی کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے اپنے ٹیلکم پر مبنی بے بی پاؤڈر اور دیگر مصنوعات سے متعلق ہزاروں مقدمات نمٹانے کے لیے 5.5 ارب ڈالر تک کے تصفیے کی پیشکش کی ہے۔ یہ مقدمات ان دعوؤں پر مبنی ہیں کہ کمپنی کی بعض ٹیلکم مصنوعات کے استعمال سے خواتین میں اووری کے کینسر کا خطرہ پیدا ہوا۔
کمپنی نے ایک بار پھر ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ٹیلکم مصنوعات محفوظ ہیں، ان میں ایسبیسٹس شامل نہیں اور سائنسی شواہد کے مطابق وہ کینسر کا سبب نہیں بنتیں۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ طویل قانونی تنازع ختم کرنے کے لیے وہ تصفیے پر آمادہ ہوئی ہے۔
کمپنی کے مطابق مجوزہ معاہدہ تقریباً 69 ہزار زیر التوا مقدمات کا احاطہ کرے گا۔ ابتدائی مرحلے میں آئندہ سال 3 ارب ڈالر تک ادا کیے جائیں گے، جبکہ باقی ادائیگیاں بعد میں کی جائیں گی۔ معاہدہ اس وقت مؤثر ہوگا جب متعلقہ دعویداروں کی اکثریت اس کی منظوری دے گی۔
جانسن اینڈ جانسن کے قانونی امور کے نائب صدر ایرک ہاس نے کہا کہ کمپنی کو یقین ہے کہ اگر مقدمات جاری رہتے تو وہ عدالتوں میں کامیاب رہتی، لیکن تنازع کے خاتمے اور اپنی بنیادی طبی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے تصفیہ بہتر راستہ ہے۔
ٹیلکم پاؤڈر سے متعلق قانونی تنازع 2009 سے جاری ہے۔ مدعیان کا مؤقف ہے کہ بعض مصنوعات ایسبیسٹس سے آلودہ تھیں، جو کینسر سے منسلک مادہ سمجھا جاتا ہے۔ دوسری جانب کمپنی مسلسل ان دعوؤں کی تردید کرتی آئی ہے۔
واضح رہے کہ جانسن اینڈ جانسن نے 2022 میں دنیا بھر میں ٹیلکم پر مبنی بے بی پاؤڈر کی تیاری اور فروخت بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ اب کمپنی صرف کارن اسٹارچ پر مبنی بے بی پاؤڈر فروخت کر رہی ہے۔









