
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی قیادت، قطر کی ترقی میں ان کے کردار اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور مرحوم امیر قطر کی پاکستان کے لیے محبت اور تعاون کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
انہوں نےقطری شاہی خاندان اور عوام کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتےہوئے مرحوم کیلیے مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبرکی دعا کی۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا دوحہ آ کر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی علامت قرار دیا۔
واضح رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔








