
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے دورے کے دوران سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایرانی قیادت اور عوام سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایرانی عوام سے اظہارِ ہمدردی کے لیے تہران پہنچے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت، بصیرت اور سیاسی کردار کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق سابق ایرانی رہنما نے نہ صرف اپنے ملک بلکہ خطے کی سیاست پر بھی نمایاں اثرات مرتب کیے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایرانی عوام کے غم میں برابر کا شریک ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور باہمی اعتماد کا رشتہ آئندہ بھی مزید مستحکم ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے تہران کے گرینڈ امام خمینی مصلیٰ میں منعقدہ تعزیتی تقریب میں شرکت کی۔ وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شامل تھے۔









