پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان، عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے پر عوام کو ریلیف ملے گا

0
15
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان، عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے پر عوام کو ریلیف ملے گا

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 76 ڈالر فی بیرل تک آ گئی تو حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کر کے عوام کو اضافی ریلیف فراہم کرے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں نے عوام پر بھاری بوجھ ڈالا، تاہم اب معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور حکومت عوامی ریلیف کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

علی پرویز ملک کے مطابق حکومت اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 108 روپے تک کمی کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض مواقع پر عالمی منڈی کے تقاضوں سے بھی بڑھ کر قیمتوں میں کمی کی گئی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں ابھی مکمل طور پر پرانی سطح پر واپس نہیں آئیں، اس کے باوجود حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے تقریباً 130 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ تمام فیصلے عوامی مفاد اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں تاکہ عام شہریوں پر معاشی دباؤ کم کیا جا سکے۔

ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے سے متعلق قانونی کارروائی پیرس کی عدالت میں جاری ہے اور حکومت اس کیس کی مؤثر انداز میں پیروی کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کے ساتھ باہمی تعاون کے ذریعے تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں توانائی کے شعبے اور معاشی ترقی کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے پر انہوں نے پولیس، پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی خدمات کو بھی سراہا۔

Leave a reply