عائشہ عمر کا انکشاف: نجی تصاویر لیک ہونے سے کیریئر اور ذہنی صحت متاثر

0
13
عائشہ عمر کا انکشاف: نجی تصاویر لیک ہونے سے کیریئر اور ذہنی صحت متاثر

پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی نجی تصاویر ان کی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے کے واقعے نے ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی پر گہرے منفی اثرات ڈالے۔
برطانوی نشریاتی ادارے BBC سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد انہیں نہ صرف شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ان کے کئی پیشہ ورانہ معاہدے بھی متاثر ہوئے۔ ان کے مطابق بعض برانڈز نے ان کے ساتھ کیے گئے اشتہاری معاہدے منسوخ کر دیے، جس سے ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا۔
یہ گفتگو خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’چین‘ کی ایک نئی رپورٹ کا حصہ ہے، جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کی متاثرہ خواتین کے کیسز شامل کیے گئے ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ چند سال قبل تھائی لینڈ کے دورے کے دوران لی گئی ان کی کچھ نجی تصاویر مبینہ طور پر ان کے لیپ ٹاپ سے غیر قانونی طور پر حاصل کر کے آن لائن شیئر کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تصاویر عام نوعیت کی تھیں اور ان میں کوئی غیر اخلاقی مواد شامل نہیں تھا۔
عائشہ عمر کے مطابق اس واقعے کے بعد انہیں شدید ذہنی دباؤ، خوف اور بے چینی کا سامنا رہا، جس نے ان کی روزمرہ زندگی کو بھی متاثر کیا۔
رپورٹ میں تنظیم کی بانی حرا حسین نے اس بات پر زور دیا کہ آن لائن ہراسانی صرف غیر اخلاقی مواد تک محدود نہیں بلکہ کسی بھی خاتون کی نجی تصاویر اس کی اجازت کے بغیر پھیلانا بھی سنگین مسئلہ ہے، خاص طور پر ایسے معاشروں میں جہاں سماجی بدنامی کے اثرات زیادہ شدید ہوتے ہیں۔
اسی رپورٹ میں ایک اور متاثرہ خاتون ماہ نور (عمر 32 سال) کا کیس بھی شامل ہے، جن کے مطابق ان کے سابق شوہر نے طلاق کے بعد انتقاماً ان کی عام نوعیت کی تصاویر آن لائن شیئر کیں، جس سے ان کی ازدواجی زندگی اور خاندانی تعلقات بری طرح متاثر ہوئے۔
رپورٹ میں یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ جدید دور میں آن لائن خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اب مصنوعی ذہانت اور ایڈیٹنگ ٹولز کے ذریعے جعلی یا تبدیل شدہ تصاویر بنا کر افراد کی ساکھ کو نقصان پہنچانا بھی ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔

Leave a reply