
سینیئر اسپورٹس صحافی قمر احمد 88 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔
قمر احمد کا شمار پاکستان کے ابتدائی اور ممتاز کرکٹ صحافیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنے صحافتی کیریئر میں دنیا بھر میں 400 سے زائد ٹیسٹ میچز اور 600 سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی کوریج کی، جبکہ متعدد آئی سی سی ایونٹس کی رپورٹنگ بھی کی۔
23 اکتوبر 1937 کو اتر پردیش میں پیدا ہونے والے قمر احمد طویل عرصے تک انگلینڈ میں بھی مقیم رہے۔ وہ نہ صرف ایک صحافی بلکہ کرکٹ کے تجزیہ کار اور مصنف کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔
اپنے ابتدائی دور میں انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی کھیلی، مجموعی طور پر 17 میچز میں حصہ لیا اور قائداعظم ٹرافی میں حیدرآباد ٹیم کی قیادت بھی کی۔
ان کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ مغرب بیت السلام مسجد، ڈی ایچ اے فیز 4، کراچی میں ادا کی جائے گی۔









