اسلام آباد میں محرم کے سکیورٹی انتظامات مزید سخت، ڈرون نگرانی اور خصوصی ایپ متعارف

0
5
اسلام آباد میں محرم کے سکیورٹی انتظامات مزید سخت، ڈرون نگرانی اور خصوصی ایپ متعارف

اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجالس، جلوسوں اور دیگر متعلقہ انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دارالحکومت میں امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کی جائے گی، جبکہ حساس مقامات پر فضائی نگرانی کے لیے ڈرونز بھی استعمال کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم کے اجتماعات اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے چار سطحی سکیورٹی نظام نافذ کیا جائے۔ اس کے ساتھ داخلی اور خارجی راستوں پر جامع چیکنگ کے انتظامات کو یقینی بنانے اور تمام اداروں کے درمیان مربوط رابطہ برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت اور سکیورٹی تعاون کے لیے “محفوظ محرم” کے نام سے ایک خصوصی موبائل ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے عوام مشکوک افراد، غیر معمولی سرگرمیوں یا سکیورٹی سے متعلق خدشات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے۔
ایپ میں لائیو لوکیشن اور تصاویر شیئر کرنے کی سہولت شامل کی گئی ہے، جس سے بروقت کارروائی میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں، نگرانی اور رابطہ کاری کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے سیف سٹی نظام کے تحت مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد محرم الحرام کے دوران شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور دارالحکومت میں پرامن ماحول برقرار رکھنا ہے۔

Leave a reply