جاپانی نوجوان نے قومی ٹیم کے عشق میں 1200 میل سائیکل دوڑا دی

0
23
جاپانی نوجوان نے قومی ٹیم کے عشق میں 1200 میل سائیکل دوڑا دی

فٹبال کے شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حمایت کے لیے غیرمعمولی اقدامات کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ حال ہی میں امریکا میں ایک جاپانی طالبعلم نے اپنی قومی ٹیم کا میچ دیکھنے کے لیے تقریباً 1200 میل کا سفر سائیکل پر طے کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
22 سالہ یوٹو، جو امریکا کی پٹسبرگ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہیں، جاپان کی قومی فٹبال ٹیم کا میچ دیکھنے کے خواہش مند تھے۔ جاپان کا میچ ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں شیڈول تھا، جبکہ یوٹو پنسلوانیا میں مقیم تھے۔
ہوائی سفر یا دیگر ذرائع اختیار کرنے کے بجائے انہوں نے سائیکل پر سفر کا انتخاب کیا تاکہ یہ مہم ان کے لیے ایک منفرد اور یادگار تجربہ بن سکے۔ انہوں نے مئی کے وسط میں اپنی مہم کا آغاز کیا اور سفر کے لیے ضروری سامان کے ساتھ مختلف امریکی ریاستوں سے گزرتے ہوئے ڈیلاس کا رخ کیا۔
طویل سفر کے دوران انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سائیکل کے ٹائر کا متعدد بار پنکچر ہونا بھی شامل تھا۔ اس کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی پیش رفت سوشل میڈیا کے ذریعے دوستوں کے ساتھ شیئر کرتے رہے۔
یوٹو کے مطابق مختلف علاقوں میں مقامی لوگوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا، جس سے انہیں نئی ثقافتوں اور کمیونٹیز کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی یہ کاوش نوجوانوں کو اپنے خوابوں کے حصول کے لیے جدوجہد اور ثابت قدمی کا پیغام دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عزم مضبوط ہو تو انسان اپنے مقاصد کو حقیقت کا روپ دے سکتا ہے۔

Leave a reply