
لندن میں ایک تقریب کے دوران پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ذہنی صحت کے موضوع پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ اب بھی ذہنی مسائل اور دماغی بیماریوں پر گفتگو کرتے ہوئے جھجھک محسوس کرتے ہیں، جس کے باعث معاشرے میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذہنی امراض بھی دیگر جسمانی بیماریوں کی طرح ہیں اور ان سے متعلق منفی رویوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق معاشرے میں ہراسانی اور تشدد جیسے واقعات قابلِ مذمت ہیں، جبکہ رویوں میں مثبت تبدیلی اور ذمہ دار افراد کا احتساب ایسے مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
تقریب کے موقع پر ماہرہ خان نے شاہ چارلس سوم سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ساتھ خوشگوار گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ چارلس سماجی فلاح کے کاموں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے مختلف سماجی سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا۔
اداکارہ کے مطابق ملاقات کے دوران شاہ چارلس نے ان کی سماجی خدمات کو سراہا اور ان کے فلاحی کاموں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ماہرہ خان نے انہیں ایک خوش اخلاق اور متاثر کن شخصیت قرار دیا۔









