نیپال کا بھارتی آموں کی درآمد پر پابندی، مقامی منڈی متاثر ہونے کا خدشہ

0
13
نیپال کا بھارتی آموں کی درآمد پر پابندی، مقامی منڈی متاثر ہونے کا خدشہ

نیپال نے بھارت سے آنے والے آموں کی درآمد پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے، جس کے بعد مقامی منڈیوں میں پھلوں کی سپلائی متاثر ہونے اور قیمتیں بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

نیپالی حکام کے مطابق یہ فیصلہ بھارتی آموں میں کیڑے مار ادویات کی زیادہ مقدار کے خدشے اور سرحدی علاقوں میں مناسب معائنے اور قرنطینہ سہولیات کی کمی کے باعث کیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مقامی زرعی پیداوار کو بھی فروغ دینا ہے۔

جنک پور سمیت مختلف شہروں کے پھل فروشوں نے اس فیصلے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ مقامی آم مارکیٹ میں دستیاب ہیں، لیکن وہ ملکی طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہیں، کیونکہ نیپال میں آم کا سیزن محدود مدت تک ہی ہوتا ہے۔

فروٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے مطابق گرمیوں میں آم کی مانگ کئی گنا بڑھ جاتی ہے، اور بھارت سے درآمد بند ہونے کی صورت میں مارکیٹ میں شدید کمی پیدا ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں سے روزانہ بڑی مقدار میں آم سپلائی ہوتے ہیں، جسے صرف مقامی پیداوار سے پورا کرنا مشکل ہوگا۔

تاجروں نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ مکمل پابندی کے بجائے سرحدی قرنطینہ اور معیار جانچ کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ محفوظ پھل درآمد بھی جاری رہیں اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رہے۔

دوسری جانب بھارت کو برآمدات کے حوالے سے بھی ایک چیلنج کا سامنا ہے، جہاں جاپان نے کیڑے مار کنٹرول اور معیار کے تقاضوں پر پورا نہ اترنے کے باعث بھارتی آموں کی بعض کھیپوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام کئی برس بعد اٹھایا گیا ہے۔

بھارت کے بعض زرعی ماہرین اور برآمد کنندگان کے مطابق بین الاقوامی منڈیوں میں مقابلہ برقرار رکھنے کے لیے اب پھلوں کی کوالٹی، پروسیسنگ اور پیکنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

Leave a reply