
پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جسکے تحت آج فی تولہ سونا 3,094 روپے سستا ہو گیا۔ گزشتہ تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر سونے کیقیمت میں 17ہزار,052 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ بازار کے مطابق تازہ کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 52 ہزار 233 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 2,785 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 86 ہزار 987 روپے کا ہو گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔ اسپاٹ گولڈ پیر کے روز 0.4 فیصد مزید کمی کے بعد 4,313.11 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔ اس سے قبل گزشتہ جمعہ کو بھی تقریباً 3 فیصد کمی دیکھی گئی تھی، جو حالیہ مہینوں میں نمایاں گراوٹ تصور کی جا رہی ہے۔ بعض اوقات ٹریڈنگ کے دوران قیمت 4,297 ڈالر فی اونس تک بھی گر گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق امریکا میں روزگار کے بہتر اعداد و شمار، جن میں گزشتہ ماہ 172,000 نئی ملازمتوں کا اضافہ شامل ہے، امریکی معیشت کی مضبوطی کا اشارہ دیتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث فیڈرل ریزرو کی جانب سے آئندہ مہینوں میں شرح سود برقرار رکھنے یا مزید سخت کرنے کی توقعات بڑھ گئی ہیں، جس کا اثر سونے کی طلب پر پڑ رہا ہے۔
چونکہ سونا براہِ راست منافع یا سود نہیں دیتا، اس لیے بلند شرح سود کے ماحول میں سرمایہ کار عموماً اسے چھوڑ کر دیگر منافع بخش سرمایہ کاری کی طرف منتقل ہو جاتے ہیں۔
دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال بھی برقرار ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے عالمی مہنگائی کے دباؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔









