آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز روکنے کا ایرانی دعویٰ، تفصیلات تاحال غیر واضح

0
14
آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز روکنے کا ایرانی دعویٰ، تفصیلات تاحال غیر واضح

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز کو مبینہ طور پر سمندری ضوابط کی خلاف ورزی پر روک لیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی معمول کی بحری نگرانی کے دوران انجام دی گئی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے وقت کئی تجارتی آئل ٹینکرز اہم بحری گزرگاہ سے گزر رہے تھے۔ ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ ایک جہاز کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ دیگر جہازوں نے اپنا راستہ تبدیل کر لیا۔

ایرانی ذرائع ابلاغ نے واقعے سے متعلق بعض تصاویربھی نشر کی ہیں جنمیں تیز رفتار گشتی کشتیاں ایک بڑے تجارتی جہاز کےاطراف دیکھی جاسکتی ہیں۔ تاہم ان مناظر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مذکورہ جہاز کس ملک سے تعلق رکھتا ہے، اس پر کون سا پرچم لہرا رہا تھا یا اس میں کس نوعیت کا سامان موجود تھا۔ جہاز کے عملے کے بارے میں بھی کوئی مستند معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

امریکی حکام یا خطے میں موجود امریکی عسکری اداروں کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی سرکاری ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیج فارس میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی تیل تجارت کے لیے نہایت اہم سمندری راستہ سمجھا جاتا ہے، جس کی سکیورٹی صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جاتی ہے۔

دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں اور مذاکرات کی اطلاعات بھی موجود ہیں، تاہم علاقائی کشیدگی میں کمی کے حوالے سے کسی واضح پیش رفت کا ابھی انتظار کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply