بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا امکان، شریاس ائیر مضبوط امیدوار

بھارتی کرکٹ ٹیم کی آئندہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔ مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق تجربہ کار بیٹر شریاس ائیر کو ٹیم کا نیا ٹی ٹوئنٹی کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی سلیکٹرز مستقبل کی منصوبہ بندی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے قائد کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں جو آنے والے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک ٹیم کی قیادت کر سکے۔ اسی تناظر میں شریاس ائیر کا نام سب سے نمایاں امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کپتان سوریا کمار یادیو کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے سے قبل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سے مشاورت کی جائے گی۔ تاہم کرکٹ حلقوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ قیادت کی تبدیلی کے امکانات کافی مضبوط ہیں۔
سوریا کمار یادیو کی قیادت میں بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا، لیکن بطور بیٹر ان کی حالیہ کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ آئی پی ایل 2026 میں بھی وہ خاطر خواہ اثر نہ چھوڑ سکے، جہاں انہوں نے 13 میچوں میں 270 رنز اسکور کیے۔
دوسری جانب شریاس ائیر نے حالیہ عرصے میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھائی ہے، جس کے باعث انہیں کپتانی کی دوڑ میں برتری حاصل ہے۔ اس کے علاوہ تلک ورما اور ایشان کشن کو بھی مستقبل کے قائدانہ کردار کے لیے اہم امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ اگر شریاس ائیر کو کپتان بنایا جاتا ہے تو نائب کپتانی کے لیے ان دونوں میں سے کسی ایک کے انتخاب کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی ٹیم کے ٹاپ آرڈر میں پہلے ہی کئی مضبوط نام موجود ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق سوریاونشی کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف 26 جون سے شروع ہونے والی سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔









