
خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے تخریبی منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ تھانہ سٹی کی حدود میں سماری روڈ کے قریب نصب کیا گیا تقریباً 10 کلو وزنی دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں ممکنہ بڑے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق مشکوک مواد کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر آمد و رفت معطل کر دی گئی۔ بعد ازاں بم ڈسپوزل یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے بم کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق یہ بم ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے کے لیے نصب کیا گیا تھا اور ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے تخریبی سرگرمیوں کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر مشتبہ عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کی بدولت ہنگو ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا۔









