
کراچی میں بڑھتی ہوئی گرمی کے پیشِ نظر ماہرینِ صحت نے شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ مختلف انفیکشنز اور صحت کے مسائل کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری باہر کے غیر معیاری کھانوں اور مشروبات سے گریز کریں اور پینے کے لیے پانی کو ابال کر استعمال کریں۔ ان کے مطابق آلودہ خوراک اور مشروبات معدے کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔
مزید برآں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور باہر جاتے وقت سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔
ماہرین نے خاص طور پر صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پانی اور او آر ایس کا استعمال جسم میں نمکیات کی کمی سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 46 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شام کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہو سکتی ہیں، تاہم پیر کے روز بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے اور فی الحال بارش کی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی۔









