اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کینسر سے صحت یاب، علاج مکمل ہونے کا اعلان

اسرائیل کے وزیراعظم نے اپنی سالانہ میڈیکل رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم بروقت علاج کے بعد اب وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 76 سالہ وزیراعظم نے بتایا کہ دسمبر 2024 میں پروسٹیٹ کے بڑھنے کے باعث ان کی سرجری کی گئی تھی، جس کی اطلاع اس وقت عوام کو دی گئی تھی۔ بعد ازاں طبی معائنے کے دوران پروسٹیٹ میں ایک چھوٹا سا مہلک ٹیومر سامنے آیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ ڈاکٹروں کی رپورٹس کے مطابق مرض ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہوا اور یہ جسم کے دیگر حصوں تک نہیں پھیلا۔ تمام طبی ٹیسٹس میں بیماری کو محدود نوعیت کا قرار دیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینسر کی تشخیص کے بعد وزیراعظم نے تقریباً ڈھائی ماہ تک ریڈی ایشن تھراپی کروائی، جو حال ہی میں مکمل ہوئی۔ ڈاکٹروں نے علاج کے بعد کینسر کے اثرات ختم ہونے کی تصدیق کی ہے۔
نیتن یاہو نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ وہ اب مکمل طور پر صحت مند ہیں اور علاج کامیاب رہا۔ ان کے مطابق یہ ایک معمولی طبی مسئلہ تھا جس کا بروقت علاج کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سالانہ میڈیکل رپورٹ کی اشاعت میں تاخیر اس لیے کی گئی تاکہ اس معاملے کو سیاسی یا پروپیگنڈا مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔









