پاکستان کا امن کے لیے کردار قابلِ ستائش ہے: ایرانی صدر

0
8
پاکستان کا امن کے لیے کردار قابلِ ستائش ہے: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خطرات کو کم کرنے میں پاکستان نے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، جو قابل تعریف ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور برادرانہ تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وعدے پورے نہ ہونے کے باعث ایرانی عوام کا امریکا پر اعتماد کمزور ہو چکا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ عالمی قوانین اور اصولوں کے مطابق ایران کے حقوق کا احترام کیا جائے۔
صدر پزشکیان نے خبردار کیا کہ جاری تنازع کسی بھی فریق کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگا اور امریکا اس صورتحال میں فاتح بن کر سامنے نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کشیدگی کے باعث نہ صرف خطے کے ممالک بلکہ پوری دنیا کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی ریاست اپنے مخصوص مقاصد کے حصول کے لیے سرگرم ہے، تاہم امید ظاہر کی کہ اسلامی دنیا کا اتحاد ان عزائم کو ناکام بنائے گا۔
ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کی ذمہ داری خود خطے کے ممالک پر عائد ہوتی ہے اور باہمی تعاون ہی اس کا مؤثر حل ہے۔

Leave a reply