سعودی عرب: حج قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا اعلان

0
10
سعودی عرب: حج قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا اعلان

سعودی وزارتِ داخلہ نے حج سیزن کے دوران مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق بغیر اجازت حج کرنے کی کوشش کرنے والوں اور ایسے افراد کی مدد کرنے والوں پر بھاری جرمانے اور دیگر قانونی سزائیں عائد کی جائیں گی۔
نئے ضوابط کے تحت یہ قوانین یکم ذوالقعدہ (تقریباً 18 اپریل) سے 14 ذوالحجہ تک نافذ العمل ہوں گے۔
وزارت کے مطابق جو افراد وزٹ ویزا پر موجود لوگوں کو مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات تک پہنچانے، رہائش فراہم کرنے یا کسی بھی قسم کی سہولت دینے میں معاونت کریں گے، ان پر فی کس ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح بغیر اجازت نامے کے حج کرنے کی کوشش پر 20 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ ہوگا۔ یہ سزا ان وزٹ ویزا ہولڈرز پر بھی لاگو ہوگی جو مقررہ مدت میں مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات میں داخل ہونے یا وہاں قیام کی کوشش کریں گے۔
حکام کے مطابق غیر قانونی نقل و حمل یا رہائش فراہم کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی ضبط کی جا سکتی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو ملک بدری اور بعض صورتوں میں 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ سزا کے خلاف 30 دن کے اندر متعلقہ کمیٹی میں اپیل کی جا سکتی ہے، جبکہ کمیٹی کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر انتظامی عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
حکام نے تمام شہریوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ حج سے متعلق قوانین کی سختی سے پابندی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 911 پر اطلاع دیں۔

Leave a reply