اسرائیل کے ایران پر بڑے پیمانے پر حملے، 1000 سے زائد مقامات نشانہ

0
66
اسرائیل کے ایران پر بڑے پیمانے پر حملے، 1000 سے زائد مقامات نشانہ

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی اہم دفاعی اور اسلحہ سازی سے متعلق تنصیبات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں مکمل کر لی ہیں، جن کے دوران ایک ہزار سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفرن کے مطابق ان کارروائیوں کا ہدف ایران کے وہ مراکز ہیں جہاں ہتھیار تیار کیے جاتے ہیں، اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان تنصیبات کو مکمل طور پر غیر فعال نہ بنا دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملوں کے نتیجے میں ایران کی عسکری صلاحیت کو نمایاں نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ تنصیبات کی بحالی میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر بڑے پیمانے پر میزائل حملوں کی منصوبہ بندی متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث اب کم تعداد میں میزائل فائر کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں دو اہم فیکٹریوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں یورینیم اور ہیوی واٹر سے متعلق تنصیبات شامل ہیں، جو ایران کے جوہری پروگرام کا حصہ سمجھی جاتی ہیں۔
دوسری جانب ایران کے حکام نے ان حملوں کی تصدیق کی ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اصفہان میں ایک اسٹیل فیکٹری پر حملے کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔

Leave a reply