جیٹ فیول مہنگا، فضائی کرایوں میں نمایاں اضافے کا امکان

0
55
جیٹ فیول مہنگا، فضائی کرایوں میں نمایاں اضافے کا امکان

ملک میں جیٹ فیول کی قیمت میں غیر معمولی اضافے کے بعد فضائی سفر مہنگا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ فی لیٹر جیٹ فیول کی قیمت 176 روپے سے بڑھ کر 417 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس کے اثرات براہِ راست ایئرلائنز کے کرایوں پر پڑنا شروع ہو گئے ہیں۔
ایئرلائنز حکام کے مطابق فیول کی بڑھتی ہوئی لاگت کو مکمل طور پر خود برداشت کرنا ممکن نہیں، اس لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرایوں میں 100 فیصد تک اضافے کی گنجائش ظاہر کی جا رہی ہے۔
قومی ایئرلائن نے اندرونِ ملک پروازوں پر 10 ڈالر فیول سرچارج عائد کر دیا ہے، جبکہ کینیڈا کے روٹس پر یہ اضافہ 100 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ برطانیہ جانے والی پروازوں کے لیے 75 ڈالر جبکہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے لیے 50 ڈالر تک اضافی چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔
نجی ایئرلائنز نے بھی فیول لاگت میں اضافے کے پیشِ نظر 15 سے 150 ڈالر تک کے اضافی سرچارجز نافذ کر دیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ خلیجی فضائی حدود کی جزوی بندش اور عالمی سطح پر فیول کی قیمتوں میں اضافے نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
ایئرلائنز کے مطابق یہ اضافہ عارضی نوعیت کا ہے اور اگر مستقبل میں فیول کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تو مسافروں کو بھی کرایوں میں ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

Leave a reply