
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں کئی غلطیاں ہوئی ہیں، لیکن افغان مہمان نوازی سب سے بڑی غلطی رہی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہمیں اس پر معاف کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے افغانستان میں اسپتال یا دیگر شہری مقامات پر حملے کے دعوے کرنے والے وہی ہیں جو خود مسجدوں پر حملے کرواتے، سر بسجود نمازیوں کو شہید کرتے، اور معصوم بچوں سمیت شہریوں، بازاروں اور اسکولوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
وزیر دفاع نے منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ لوگ، جنہیں پناہ دی گئی، ریاست پر حملہ آور ہیں اور اپنی کمٹمنٹس پوری نہیں کرتے، بلکہ اربوں روپے کی تاوان کی مانگ کرتے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کی زمین نے افغانوں کو پناہ دی، ان کے لیے ایک سپر پاور سے ٹکرائی، اور تین نسلوں تک مہمان نوازی کی، لیکن اس مہمان نوازی کو سب سے بڑی غلطی قرار دیا ہے۔









