ایران معاہدہ چاہتا ہے مگر شرائط ناقابل قبول ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

0
37
ایران معاہدہ چاہتا ہے مگر شرائط ناقابل قبول ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران موجودہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے کی خواہش رکھتا ہے، تاہم تہران کی جانب سے پیش کی جانے والی شرائط واشنگٹن کے لیے قابل قبول نہیں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو فوجی اور معاشی میدان میں شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی پوزیشن اس وقت کمزور ہو چکی ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ممکنہ نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے بارے میں ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ وہ زندہ نہیں رہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ خبر مصدقہ نہیں اور محض افواہ بھی ہو سکتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ پر ممکنہ کارروائی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز کو بند رکھا گیا تو امریکا ایران کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا تاکہ عالمی تجارت کا یہ اہم راستہ کھلا رہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے ایک انتہائی اہم گزرگاہ ہے اور یہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی منڈیوں پر فوری اثر ڈال سکتی ہے۔

حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔

Leave a reply