
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات، عطا اللہ تارڑ نے افغان طالبان کے خلاف جاری آپریشن “غضب للحق” کے حوالے سے تفصیلات جاری کی ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق شمالی بلوچستان میں طالبان نے قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن میں 16 مقامات پر زمینی حملے کیے، جبکہ بلوچستان میں 25 مقامات پر پاک فوج کے خلاف فائرنگ کی گئی۔ تاہم، تمام حملوں کو مؤثر طریقے سے پسپا کر دیا گیا۔
اس دوران بلوچستان میں افغان طالبان کے 27 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جب کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے ایک جوان نے شہادت حاصل کی اور 5 زخمی ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں بھی ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی اور صوبے کے 12 مقامات پر فائرنگ کی گئی، لیکن کسی جانی نقصان کے بغیر یہ حملے ناکام بنا دیے گئے۔ یہاں طالبان کے 40 کارندے ہلاک ہوئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فالو اپ آپریشنز تاحال جاری ہیں اور آپریشن کی تفصیلی رپورٹ بعد میں فراہم کی جائے گی۔









