خامنہ ای کی شہادت ، شیعہ علما کی عوام سے امن و قانون کی پاسداری کی اپیل

0
52
خامنہ ای کی شہادت ، شیعہ علما کی عوام سے امن و قانون کی پاسداری کی اپیل

اسلام آباد: ملک کے مختلف شیعہ علما نے موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر عوام سے پُرامن رہنے اور قانون کی پاسداری کرنے کی اپیل کی ہے۔
آیت اللہ علی خامنہ ای سے متعلق خبروں کے تناظر میں مذہبی و سماجی حلقوں میں اظہارِ افسوس کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے زور دیا کہ عوام جذباتی ردِعمل سے گریز کریں اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ قیادت کا تسلسل افراد سے وابستہ نہیں ہوتا بلکہ نظریات اور اصولوں سے جڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال حساس ہے، اس لیے عوام صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی سے دور رہیں۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنما شیخ آغا باقر نے بھی عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں اور ہر قسم کے احتجاج کو پُرامن اور قانونی دائرے میں رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سرکاری عمارت، قومی ادارے یا عوامی املاک کو نقصان پہنچانا نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ اس سے قومی مفاد کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور اس کا امن و استحکام ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ اگر احتجاج کیا جائے تو وہ نظم و ضبط، اتحاد اور آئینی حدود کے اندر ہونا چاہیے تاکہ مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
علما نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو محفوظ رکھے اور ملک میں امن و استحکام قائم رہے۔

Leave a reply