میدانِ کرکٹ میں ہنگامہ، شہد کی مکھیوں کے حملے سے سینئر امپائر ہلاک

0
16
میدانِ کرکٹ میں ہنگامہ، شہد کی مکھیوں کے حملے سے سینئر امپائر ہلاک

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع اناؤ میں کرکٹ میچ کے دوران شہد کی مکھیوں کے اچانک حملے سے ایک سینئر امپائر جان کی بازی ہار گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ سپرو اسٹیڈیم میں پیش آیا جہاں میچ جاری تھا کہ اسی دوران شہد کی مکھیوں کے ایک جھنڈ نے کھلاڑیوں اور امپائرز پر حملہ کر دیا۔ اس دوران سینئر امپائر مانک گپتا شدید متاثر ہوئے۔
مانک گپتا طویل عرصے سے کرکٹ سے وابستہ تھے اور تقریباً 30 برس سے امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وہ کانپور کرکٹ حلقوں میں ایک باوقار شخصیت سمجھے جاتے تھے اور مقامی کرکٹ انتظامیہ سے بھی وابستہ تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈرنکس بریک کے دوران شہد کی مکھیوں نے اچانک میدان میں موجود افراد پر دھاوا بول دیا۔ بیشتر افراد نے بھاگ کر خود کو بچا لیا، تاہم مانک گپتا فرار ہونے کی کوشش میں گر گئے جس کے بعد مکھیوں نے انہیں گھیر لیا۔
انہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
واقعے کے بعد مقامی کرکٹ برادری میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply