جیولری شاپ سے کروڑوں کی چوری، پولیس کا 48 گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ

0
16
جیولری شاپ سے کروڑوں کی چوری، پولیس کا 48 گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں واقع پرنس جیولرز میں کروڑوں روپے مالیت کے سونے اور ہیروں کی چوری کے واقعے کو پولیس نے 48 گھنٹوں میں حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ واردات کی منصوبہ بندی دکان کے ایک ایسے ملازم نے کی جو گزشتہ پندرہ برس سے وہاں کام کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم نے نہ صرف خود منصوبہ بنایا بلکہ دیگر افراد پر مشتمل ایک گروہ بھی تشکیل دیا، جس میں کاریگر شامل تھے۔
حکام کے مطابق ملزمان نے تقریباً چھ ماہ تک دکان کے نظام کا بغور جائزہ لیا اور مکمل منصوبہ بندی کے بعد واردات کو انجام دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عامر کو اس واردات کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے، جبکہ امیر عالم، علی اسمعیل، ریاض اور دیگر ساتھی بھی گروہ میں شامل تھے۔ ریاض کو بطور ویلڈر شامل کیا گیا تاکہ تالے کھولنے یا توڑنے میں مدد حاصل کی جا سکے۔
تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ تالے توڑے نہیں گئے بلکہ مہارت سے کھولے گئے، جس سے اندرونی معلومات کے استعمال کا شبہ تقویت پکڑ گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے بارہ ویلڈنگ مشینیں، دو پستول اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ حکام کے مطابق چوری شدہ سونا بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
دریں اثنا، وزیر داخلہ سندھ نے پولیس ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 48 گھنٹوں میں مرکزی ملزم کی گرفتاری اور سونے کی برآمدگی اہم کامیابی ہے۔

Leave a reply