
راولپنڈی: عمران خان کی آنکھوں کے معائنے کے لیے طبی عملہ اڈیالہ جیل پہنچ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اسپتال کی ایمبولینس جیل کے مرکزی داخلی راستے سے اندر داخل ہوئی، جبکہ اطراف میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایمبولینس میں آنکھوں کے معائنے سے متعلق ضروری طبی آلات موجود تھے اور حکومت کی جانب سے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر جیل میں ہی طبی معائنہ کیا جائے گا، جس کے بعد ضرورت پڑنے پر کسی اسپتال منتقل کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائی ضابطے کے مطابق انجام دی جا رہی ہے۔









