نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں فوج کے ٹیکنیکل افسران کی تعیناتی کی تجویز

0
25
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں فوج کے ٹیکنیکل افسران کی تعیناتی کی تجویز

کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سائبر کرائم کی تحقیقات اور ڈیجیٹل فارنزکس کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی تکنیکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان آرمی کے ٹیکنیکل ونگ سے افسران کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز دے دی۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی این سی سی آئی اے نے 2 دسمبر 2025 کو وفاقی وزیر داخلہ کو ارسال کیے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ جدید اور پیچیدہ سائبر خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور ادارے کی آپریشنل صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ تربیت یافتہ تکنیکی ماہرین کی شمولیت ناگزیر ہے۔
خط میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے اپنے ہیڈکوارٹرز اور مختلف زونل دفاتر میں تفتیشی اور تکنیکی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کے عمل میں ہے۔ اس مقصد کے لیے پاک فوج کے ٹیکنیکل ونگ سے دو سال کی مدت کے لیے 8 تکنیکی افسران فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق دو افسران ہیڈکوارٹرز، دو لاہور زون، دو کراچی زون جبکہ ایک، ایک افسر پشاور اور کوئٹہ زون میں تعینات کرنے کی تجویز ہے۔ یہ افسران ڈیجیٹل فارنزکس، سائبر انٹیلیجنس، نیٹ ورک سکیورٹی اور دیگر متعلقہ تکنیکی شعبہ جات میں خدمات انجام دیں گے۔
خط میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ تعینات کیے جانے والے افسران کی تنخواہیں، الاؤنسز اور انتظامی امور سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت این سی سی آئی اے خود برداشت کرے گی۔
بعد ازاں وزارت داخلہ کی جانب سے یہ معاملہ وزارت دفاع کو بھجوایا گیا۔ وزارت دفاع نے متعلقہ شعبہ جات سے مشاورت کے بعد مزید معلومات طلب کی ہیں، جن میں ادارے کا تفصیلی تعارف، تعیناتی کی درست جگہیں، افسران کا رینک اور ان کی تعلیمی قابلیت شامل ہیں۔
حکام کے مطابق مزید معلومات کی فراہمی کے بعد اس معاملے پر پیش رفت متوقع ہے۔

Leave a reply