
کرکٹ کے شائقین کے لیے سنسنی خیز لمحہ آنے والا ہے کیونکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کل سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے اہم میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔
دونوں ٹیمیں اس میچ کے لیے اپنی تیاریوں کو آخری شکل دے رہی ہیں اور آج مشقوں کے دوران کھلاڑیوں کی فارم اور حکمت عملی پر کام کیا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم کی مینجمنٹ نے اہم میچ کے لیے ممکنہ تبدیلیوں پر غور کیا ہے۔ بیٹنگ لائن کو مضبوط بنانے کے لیے فخر زمان اور نوجوان بلے باز خواجہ نافع کو ٹیم میں شامل کیے جانے کے امکانات ہیں۔ اگر یہ تبدیلیاں کی جاتی ہیں تو عثمان خان، محمد نواز، شاداب خان یا فہیم اشرف میں سے کسی ایک کھلاڑی کو ریزرو میں جانا پڑ سکتا ہے۔
متوقع پاکستانی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان مرزا، سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔
ہندوستانی ٹیم کی متوقع لائن اپ میں ایشان کشن (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن یا ابھیشیک شرما، سوریہ کمار یادو (کپتان)، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل، شیوم دوبے، ورن چکراورتی، کلدیپ یادو اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔
بابر اعظم، شاہین آفریدی اور شاداب خان کے مطابق پاک بھارت میچ میں دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے کیونکہ دنیا بھر کے کروڑوں مداح اس کا انتظار کرتے ہیں۔ ان کے بقول اس طرح کے میچ میں اچھی کارکردگی کسی کھلاڑی کو ایک لمحے میں ہیرو بنا سکتی ہے۔
کولمبو میں یہ دلچسپ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا، تاہم محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی کی ہے جو کھیل کے دوران مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔









