فہیم اشرف کے جادوئی چھکوں نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی فتح دلادی

0
36
فہیم اشرف کے جادوئی چھکوں نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی فتح دلادی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز پر پاکستان نے سنسنی خیز فتح حاصل کی، جب آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ٹیم کو ناقابلِ یقین انداز میں جیت دلوائی۔ پاکستان نے نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے ہرایا اور اس طرح ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی سمیٹی۔
پاکستان کے سات کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد فہیم اشرف نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 9 گیندوں میں 3 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح کی جانب لے گئے۔
ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والی پاکستان ٹیم نے نیدرلینڈز کو 19.5 اوورز میں 147 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ نیدرلینڈز کی جانب سے اسکاٹ ایڈورڈز نے سب سے زیادہ 37 رنز بنائے، باس ڈی لیڈ 30 اور مائیکل لیوٹ 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا۔ صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صاحبزادہ فرحان 46 رنز کے ساتھ پویلین لوٹے۔ کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے اور بابر اعظم بھی جلد کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد نواز اور شاداب خان بھی کم رنز پر آؤٹ ہوئے۔
سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے میدان میں قدم رکھا اور شاندار بلے بازی کے ذریعے پاکستان کو فتح دلوائی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا میں وہ پہلی بار اس طرح کی پچ دیکھ رہے ہیں اور ٹیم کی حکمت عملی پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔

Leave a reply