
بولی ووڈ کے نامور اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے بالآخر فلمی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اپنی پہلی ہندی فلم پر دستخط کر دیے ہیں، جو بالاجی موشن پکچرز کے تحت بنائی جا رہی ہے، جبکہ اس منصوبے کی نگرانی معروف پروڈیوسر ایکتا کپور کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق فلم کا عنوان فی الحال طے نہیں کیا گیا، تاہم سنیتا آہوجا کو اس میں ایک نمایاں اور بااثر کردار سونپا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ تقریباً 20 دن تک شوٹنگ میں حصہ لیں گی، جبکہ فلم سے متعلق دیگر تفصیلات کو خفیہ رکھا گیا ہے۔
58 سالہ سنیتا آہوجا کافی عرصے تک فلمی دنیا سے دور رہیں اور انہوں نے اپنی نجی زندگی کو ترجیح دی۔ ان کی شادی گووندا سے 1987 میں ہوئی تھی، اور جب گووندا 1990 کی دہائی میں فلم انڈسٹری کے صفِ اول کے اداکاروں میں شامل تھے، تب بھی سنیتا نے پردۂ اسکرین سے فاصلہ قائم رکھا۔
گزشتہ کچھ عرصے سے سنیتا آہوجا مسلسل خبروں میں رہیں، خاص طور پر اس وقت جب انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی پر کھل کر گفتگو کی۔ ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں، جن میں علیحدگی کی افواہیں اور گووندا سے منسوب پرانے یا نئے تعلقات کی باتیں بھی شامل تھیں۔
بالآخر گووندا نے ان خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کے اور سنیتا کے درمیان اختلافات کی باتیں ایک منظم سازش کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے تک خاموش رہے، مگر خاموشی کو کمزوری سمجھا گیا، اسی لیے وضاحت دینا ضروری ہو گیا۔
دوسری جانب سنیتا آہوجا نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی اپنی موجودگی درج کرا دی ہے اور ایک ولاگ چینل کا آغاز کیا ہے، جہاں وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ بے باک اور غیر روایتی انداز میں نظر آتی ہیں۔
سنیتا کی فلمی انٹری کے بعد آہوجا خاندان کا شوبز سے تعلق مزید گہرا ہو گیا ہے۔ ان کی بیٹی ٹینا آہوجا پہلے ہی ایک فلم میں کام کر چکی ہیں، جبکہ بیٹے یش وردھن آہوجا کے بھی مستقبل قریب میں فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔









