وزیر قانون کا موقف: عمران خان کا کوئی آپریشن نہیں ہوا، صرف انجیکشن لگائے گئے

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا کسی قسم کا آپریشن نہیں ہوا، انہیں صرف علاج کے دوران انجیکشن دیے گئے ہیں۔
منگل کو سینیٹ اجلاس میں عمران خان کی صحت سے متعلق سوالات کے جواب میں وزیر قانون نے بتایا کہ عمران خان نے خود پمز اسپتال میں علاج کروانے کی خواہش ظاہر کی تھی اور مستقبل میں اگر دوبارہ ضرورت پڑی تو انہیں تمام طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کو کسی قسم کی شکایت ہو تو متعلقہ عدالتوں اور اپیلٹ ٹریبونلز کے ذریعے قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے عمران خان کی آنکھ میں تکلیف کے بارے میں بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ 60 سال کی عمر کے بعد آنکھوں میں بلڈ سرکولیشن کے مسائل عام ہیں، اور بانی پی ٹی آئی کو وہی انجیکشن دیے گئے جو عام مریضوں کو لگائے جاتے ہیں۔ وزیر قانون نے واضح کیا کہ کسی قسم کا آپریشن نہیں کیا گیا۔









