کیمرون گرین کی عثمان طارق سے معذرت، تنازع انسٹاگرام اشارے پر ختم

0
86
کیمرون گرین کی عثمان طارق سے معذرت، تنازع انسٹاگرام اشارے پر ختم

آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق سے معذرت کر لی ہے، جس کا عندیہ عثمان طارق کی سوشل میڈیا سرگرمی سے ملا ہے۔ یہ معاملہ 31 جنوری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران سامنے آیا تھا، جب آؤٹ ہونے کے بعد کیمرون گرین نے عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کیا تھا۔
میچ کے دوران گرین کی جانب سے کی گئی ایک اشارتی حرکت کو سوشل میڈیا پر چکنگ کے الزام کے طور پر لیا گیا، جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی نوک جھونک نے خاصی توجہ حاصل کی۔ تاہم میچ کے اگلے دن عثمان طارق نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں “Apology accepted” کے الفاظ درج تھے، جس سے یہ تاثر ملا کہ آسٹریلوی بلے باز نے ان سے معذرت کر لی ہے۔
یہ میچ پاکستان کے لیے یادگار ثابت ہوا، جہاں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ آسٹریلوی ٹیم 15.4 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اور تمام دس وکٹیں پاکستانی اسپنرز نے حاصل کیں۔ یہ شکست آسٹریلیا کی گزشتہ دو دہائیوں میں بدترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہار قرار دی جا رہی ہے۔
کیمرون گرین 11ویں اوور میں عثمان طارق کی گیند پر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، جس کے بعد واپسی پر ان کا ردِعمل تنازع کا باعث بنا۔ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اس رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بولر کے ایکشن کا فیصلہ کرنا کھلاڑیوں کا نہیں بلکہ امپائرز اور میچ ریفری کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
عثمان طارق کا بولنگ ایکشن غیر روایتی سمجھا جاتا ہے، تاہم وہ ماضی میں کئی بار بایومکینیکل ٹیسٹنگ کے مراحل سے گزر چکے ہیں اور ہر بار ان کا ایکشن کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ وہ پاکستان سپر لیگ سمیت مختلف بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق بولنگ کے دوران کہنی کا 15 ڈگری سے زیادہ سیدھا ہونا غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے، تاہم قدرتی جسمانی ساخت کی وجہ سے پیدا ہونے والے خم کو اس میں شامل نہیں کیا جاتا۔ عثمان طارق کا مؤقف ہے کہ ان کے بازو کا خم قدرتی ہے اور ان کے ایکشن کی باقاعدہ جانچ ہو چکی ہے، اس کے باوجود وہ تنقید کا سامنا کرتے رہتے ہیں۔
حالیہ واقعے کے بعد کیمرون گرین کی معذرت اور عثمان طارق کی جانب سے اسے قبول کیے جانے کے اشارے سے یہ تنازع خوش اسلوبی سے ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

Leave a reply