آسٹریلیا نے افغان سفارت خانہ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا

0
57
آسٹریلیا نے افغان سفارت خانہ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا

کینبرا – طالبان حکومت کی پالیسیوں کے باعث افغانستان عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تنہائی کا شکار ہے، جس کے تناظر میں آسٹریلیا نے اپنی دارالحکومت کینبرا میں قائم افغان سفارت خانہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آسٹریلیا کے محکمۂ خارجہ و تجارتی امور نے تصدیق کی ہے کہ طالبان کی جانب سے مقرر کردہ کسی بھی سفارتکار یا اعزازی قونصل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ طالبان حکومت کو افغان عوام کا جائز نمائندہ نہیں مانتے۔
محکمۂ خارجہ نے واضح کیا کہ طالبان کی پالیسیوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، خواتین پر پابندیاں اور اختلاف رائے کو دبانا شامل ہے، جو آسٹریلیا کے لیے ناقابلِ قبول ہیں۔ یہ عوامل افغان سفارتخانہ بند کرنے کے فیصلے کی بنیاد بنے ہیں۔
اسی دوران، ریفیوجی کونسل آف آسٹریلیا نے اس اقدام پر تشویش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ افغانستان میں شہری اس حد تک خوفزدہ ہیں کہ وہ طالبان کے زیر انتظام اداروں سے بنیادی سرکاری دستاویزات حاصل کرنے سے بھی گریز کر رہے ہیں، جو انسانی بحران کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق افغان سفارتی مشنز کی بندش محض انتظامی اقدام نہیں بلکہ عالمی سطح پر طالبان حکومت کے خلاف بڑھتے ہوئے عدم اعتماد کی علامت ہے۔ طالبان کی پالیسیوں کی وجہ سے افغانستان کو سفارتی، معاشی اور انسانی سطح پر مسلسل دباؤ کا سامنا ہے اور بیرونِ ملک افغان شہریوں کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں۔

Leave a reply