سعودی عرب کے نُعمان جزیرے میں ابھرتا ہوا سیاحتی مرکز

0
67
سعودی عرب کے نُعمان جزیرے میں ابھرتا ہوا سیاحتی مرکز

سعودی عرب کے تبوک ریجن میں دُبا پورٹ کے جنوب میں واقع نُعمان جزیرہ بحر احمر کا نیا اور ابھرتا ہوا سیاحتی مرکز بن رہا ہے، جو امالا (Amaala) منصوبے کے تحت ترقی پا رہا ہے۔ یہ جزیرہ قدرتی خوبصورتی اور بحری تاریخ کے حسین امتزاج کی بدولت سیاحوں کے لیے کشش کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

جزیرے کے قریب 1969 میں ڈوبنے والا نانٹس بحری جہاز اب ایک مصنوعی ریف میں تبدیل ہو چکا ہے، جہاں سمندری حیات محفوظ رہتی ہے اور غوطہ خوری کے شوقین افراد یہاں کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق امالا منصوبہ پائیدار سیاحت کی ایک شاندار مثال ہے، جو ریڈ سی کے قدرتی ماحول کے تحفظ کے ساتھ سیاحتی مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔

نُعمان جزیرے کے بلند و کم بلندی والے پہاڑ ہر سمت سے دلکش مناظر پیش کرتے ہیں اور فیروزی رنگ کے شفاف پانی جزیرے کی پہچان میں اضافہ کرتے ہیں۔ جزیرے کے نیچے موجود نانٹس جہاز کے باقیات اب ایک منفرد زیر آب میوزیم کی صورت اختیار کر چکی ہیں، جہاں مختلف اقسام کی آبی حیات پروان چڑھ رہی ہے۔ یہ مقام عالمی غوطہ خوروں کے لیے بھی ایک اہم منزل بن چکا ہے۔

جزیرے کا ماحولیاتی نظام نایاب آبزیات اور نباتات کا متوازن امتزاج پیش کرتا ہے اور یہاں پر پرندوں کے لیے بھی عارضی قیام گاہ موجود ہے۔ ریڈ سی اتھارٹی جزیرے کے ماحولیاتی تحفظ اور سیاحتی ترقی کے درمیان توازن قائم رکھنے کے لیے جامع اور اسٹریٹیجک ضابطہ کار نافذ کر رہی ہے۔

ان اقدامات کے نتیجے میں جزیرہ نُعمان نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی محفوظ اور خوشگوار سیاحتی مقام کے طور پر برقرار رہے گا، جہاں سیاح طویل عرصے تک یاد رہنے والا ساحلی تجربہ حاصل کر سکیں گے۔

Leave a reply