سعودی عرب کا واضح مؤقف: ایران کے خلاف کارروائی کے لیے فضائی یا زمینی حدود استعمال نہیں ہوں گی

0
49
سعودی عرب کا واضح مؤقف: ایران کے خلاف کارروائی کے لیے فضائی یا زمینی حدود استعمال نہیں ہوں گی

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطے کے دوران اس بات پر زور دیا ہے کہ سعودی عرب اپنی زمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گفتگو میں ولی عہد نے ایران کی خودمختاری کے احترام کا اعادہ کیا اور کہا کہ سعودی عرب خطے میں تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع کو ہی مؤثر راستہ سمجھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ایران کے خلاف ممکنہ امریکی اقدامات سے متعلق اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔ سعودی عرب نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی ملک یا اتحادی کو اپنی فضائی حدود یا سرزمین فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سعودی موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں جنگ سے بچاؤ اور امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت ہونے والی ہر سنجیدہ کوشش کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی ترقی اور استحکام ممکن ہے۔
ایرانی صدر نے اس موقع پر امریکا اور اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ اقتصادی دباؤ اور سیاسی اقدامات کے ذریعے خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی پالیسیاں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں، تاہم ایرانی عوام نے ہمیشہ ایسے دباؤ کو مسترد کیا ہے۔

Leave a reply