
تحقیق کے مطابق مچھلی کے تیل (اومیگا 3) کے کیپسولز کا استعمال جسمانی اور ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے اور حیاتیاتی عمر کی رفتار کو سست کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
حیاتیاتی عمر وہ عمر ہے جو جسم کے افعال اور خلیاتی صحت کی بنیاد پر طے کی جاتی ہے، اور یہ اصل تاریخ پیدائش سے مختلف ہو سکتی ہے۔ جینز، طرز زندگی اور دیگر عوامل اس عمر پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
جرنل نیچر ایجنگ میں شائع ایک تحقیق میں 70 سال یا اس سے زائد عمر کے 777 افراد پر یہ مطالعہ کیا گیا کہ کس طرح مختلف سپلیمنٹس اور ورزش حیاتیاتی عمر پر اثر ڈالتی ہیں۔ تحقیق میں شامل افراد کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا، جن میں کچھ افراد نے روزانہ مچھلی کے تیل کے کیپسولز، وٹامن ڈی اور ہفتے میں تین بار 30 منٹ ورزش کرنے کا معمول اپنایا۔
تین سال بعد خون کے نمونوں کا تجزیہ کرنے پر معلوم ہوا کہ صرف مچھلی کے تیل استعمال کرنے والے افراد کی حیاتیاتی عمر میں اوسطاً 2 سال 8 ماہ کا اضافہ ہوا، یعنی یہ سپلیمنٹ عمر کی رفتار کو سست کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ جبکہ مچھلی کے تیل کے ساتھ وٹامن ڈی اور ورزش کرنے والے افراد کی حیاتیاتی عمر کی رفتار نمایاں حد تک کم ہوئی۔
ماہرین کے مطابق یہ اثر ممکنہ طور پر جسم میں ورم (Inflammation) کم ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے، کیونکہ ورم خلیاتی صحت اور حیاتیاتی عمر پر برا اثر ڈال سکتا ہے۔
تاہم محققین نے خبردار کیا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور سپلیمنٹس استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔









