
کراچی: گل پلازہ میں آگ کے بعد سرچ آپریشن تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور عمارت کو بند کرنے کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی، جاوید نبی کھوسو کے مطابق تکنیکی ٹیم آج عمارت کے اندر آخری دورے پر گئی، جس کے بعد عمارت کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا پیارا اب بھی لاپتا ہے تو وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکتا ہے۔
اب تک 79 لاپتا افراد میں سے 13 کے اہل خانہ نے ڈی این اے سیمپل فراہم نہیں کیے ہیں۔ حکومت کو 30 لاشوں کا ڈیٹا بھیجا جا چکا ہے تاکہ متعلقہ ورثا کو مالی امداد دی جا سکے۔
اب تک 73 لاشیں برآمد ہوچکی ہیں، جن میں سے 23 کی شناخت مکمل ہو چکی ہے اور انہیں لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مقررہ وقت میں رابطہ نہ کرنے والوں کو فہرست سے خارج کر دیا جائے گا۔
تکنیکی ٹیم نے گل پلازہ کا آخری دورہ مکمل کر لیا ہے اور عمارت کے اطراف لوہے کی شٹرنگ لگانے کا کام جاری ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی سٹی، عارف عزیز نے کہا کہ آگ لگنے کے بعد تاخیر اور غفلت کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاکہ معلوم ہو سکے کہ دروازے کیوں کھولے نہیں گئے۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں 17 جنوری کی رات آگ لگنے سے 73 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں سے 23 کی شناخت ہو چکی ہے۔









