مری میں شدید برف باری کی پیشگوئی، ڈی پی او نے سفر سے اجتناب کی ہدایت جاری کر دی

مری: ڈی پی او ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ مری میں آج شام سے کل شام تک شدید برف باری متوقع ہے۔ انہوں نے خاص طور پر رات کے وقت مری کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے، کیونکہ کم درجہ حرارت کی وجہ سے سڑکوں پر برف کی سخت اور خطرناک تہہ بن سکتی ہے۔
ڈی پی او کے مطابق برف والی سڑکوں پر گاڑی کے بریک مؤثر نہیں رہتے اور اندھیرے یا دھند میں برف ہٹانے والی مشینری کام کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ مری میں داخلے کے لیے گاڑی پر ‘اسنو چین’ لازمی ہوگی۔
انہوں نے شہریوں کو سفر سے قبل گاڑی کی مکمل تیاری کرنے کی ہدایت دی، جیسے: فیول ٹینک فل کرنا، بریک، وائپرز، ہیٹر اور ڈی فوگر کی جانچ کرنا، رفتار کم رکھنا اور اگلی گاڑی سے کم از کم 50 میٹر فاصلے پر رہنا۔
مزید برف باری اور دھند میں ہیٹر استعمال کرتے وقت شیشے کھلے رکھنے، فوگ اور ہیزرڈ لائٹس کا استعمال یقینی بنانے اور شاہراہ یا ڈھلوان پر گاڑی پارک نہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
ڈی پی او نے کہا کہ چیک پوسٹ پر پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی ہنگامی صورتحال یا حادثے کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔








