پاکستان کی ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت پر فیصلہ کل متوقع

0
56
پاکستان کی ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت پر فیصلہ کل متوقع

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان کی آئندہ ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت کے بارے میں اہم امور پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، ملاقات میں موجودہ صورتحال، مختلف پہلوؤں اور آئندہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوگا۔
اس سے قبل، چیئرمین پی سی بی نے لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں ٹی20 ورلڈکپ کے حوالے سے پی سی بی کے موقف سے آگاہ کیا۔ کھلاڑیوں نے پی سی بی کے اصولی موقف کی حمایت کا اظہار کیا اور ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔
محسن نقوی نے ورلڈ کپ میں بھارت کے عدم شرکت کے معاملے پر کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا موقف اصولوں پر مبنی ہے اور پی سی بی آئی سی سی کے دہرے معیار کو قبول نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کا جو بھی فیصلہ ہوگا، اسے مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ ان کی قابلیت اور ٹیم ورک کی بدولت ہر میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے اور شائقین بھی پاک آسٹریلیا سیریز میں بہترین کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ ملاقات میں کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، مینیجر نوید اکرم چیمہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

Leave a reply