وزیراعظم شہباز شریف نے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی کابینہ کی منظوری سے تصدیق کر دی

0
73
وزیراعظم شہباز شریف نے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی کابینہ کی منظوری سے تصدیق کر دی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری سے پاکستان نے بین الاقوامی امن کے لیے قائم کیے گئے ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد غزہ سمیت خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔ لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام کے نتیجے میں فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق وقار کے ساتھ مل سکیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ دورۂ ڈیووس انتہائی مفید رہا، جہاں عالمی رہنماؤں اور اداروں سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ باقاعدہ طور پر وفاقی کابینہ کی منظوری سے کیا گیا، جس سے خطے میں امن کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
شہباز شریف نے یہ بھی بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جس پر انہوں نے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کے مطابق جنگ بندی کے باعث قیمتی انسانی جانیں محفوظ ہوئیں، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے ڈیووس میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کو بھی حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا کہ آئی ایم ایف کی قیادت نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی تعریف کی ہے۔
میڈیا کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق سوال پر وزیراعظم نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر غزہ میں امن کے قیام سے متعلق ’بورڈ آف پیس‘ کے چارٹر پر دستخط کیے۔ اس معاہدے پر امریکا، پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، بحرین، مراکش، ارجنٹینا اور آرمینیا سمیت متعدد ممالک کے رہنماؤں نے دستخط کیے۔
تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر کے درمیان مختصر ملاقات بھی ہوئی، جس میں امن کے فروغ کے لیے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے معاہدے پر دستخط کرنے والے رہنماؤں سے ملاقات اور مصافحہ بھی کیا۔
متحدہ عرب امارات، قطر، اردن، انڈونیشیا، آذربائیجان، ہنگری، قازقستان، کوسوو اور دیگر ممالک بھی اس چارٹر کی توثیق کرنے والوں میں شامل ہیں۔

Leave a reply