وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز

0
91
وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے 56 ویں سالانہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اجلاس میں مختلف ممالک کے سربراہان، حکومتی عہدیدار، بین الاقوامی تنظیموں اور کمپنیوں کے نمائندے شریک ہیں۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز ہیں اور انہوں نے متعدد غیر رسمی ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات کی، جس میں اُبھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش چیلنجز اور اقتصادی استحکام کے لیے تعاون پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی بہتری کی کوششوں کو سراہا گیا اور اصلاحات کے تسلسل پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ غیر رسمی اور دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں معاشی تعاون، علاقائی استحکام اور عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات پر بات چیت ہوگی۔ یہ ملاقاتیں پاکستان کے بین الاقوامی کردار کو اجاگر کرنے اور عالمی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہیں۔

Leave a reply