امریکا یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کرے گا، گرین لینڈ کے معاملے پر اختلافات وجہ

0
59
امریکا یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کرے گا، گرین لینڈ کے معاملے پر اختلافات وجہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم فروری سے آٹھ یورپی ممالک کی مصنوعات پر 10 فیصد اضافی درآمدی ٹیرف نافذ کیا جائے گا۔ ان ممالک میں ڈنمارک، ناروے، جرمنی، نیدرلینڈز، سویڈن، فرانس،فن لینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان میں کہا کہ یہ اقدام گرین لینڈ کے مستقبل پر جاری اختلافات کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔ گرین لینڈ، جو ڈنمارک کے زیر انتظام ایک وسیع آرکٹک جزیرہ ہے، اپنی اسٹریٹجک اہمیت کی وجہ سے امریکا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ امریکا نے برسوں سے یورپی اتحادی ممالک کو تجارتی رعایتیں دی ہیں اور ان پر ٹیرف عائد نہیں کیے، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ڈنمارک اس معاملے پر جواب دے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین اور روس گرین لینڈ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور موجودہ حالات میں صرف امریکا ہی اس خطے کی مؤثر حفاظت کر سکتا ہے۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر گرین لینڈ کی خریداری کے حوالے سے پیش رفت نہ ہوئی تو یکم جون سے ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک اور دیگر یورپی ممالک نے حالیہ عرصے میں گرین لینڈ کے دورے کیے جن کے مقاصد واضح نہیں، اور یہ سرگرمیاں صورتحال کو مزید حساس بنا رہی ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق، امریکا گزشتہ 150 سال سے گرین لینڈ خریدنے کی کوشش کر رہا ہے اور کئی امریکی صدور نے یہ قدم اٹھانے کی کوشش کی، لیکن ڈنمارک نے ہمیشہ انکار کیا۔ صدر نے کہا کہ جدید دفاعی منصوبے، بالخصوص ‘گولڈن ڈوم’ کے تناظر میں، گرین لینڈ کا حصول اب پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ڈنمارک اور دیگر متعلقہ ممالک کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، لیکن ان کے بقول، گرین لینڈ کے بغیر عالمی سلامتی کے اہداف مکمل نہیں کیے جا سکتے۔

Leave a reply