پی سی بی کا ملتان سلطانز کو فروخت کرنے پر غور، اوپن بڈنگ متوقع

0
48
پی سی بی کا ملتان سلطانز کو فروخت کرنے پر غور، اوپن بڈنگ متوقع

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کو فروخت کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق پی سی بی ابتدائی طور پر پی ایس ایل 11 میں اس ٹیم کے انتظامی امور خود سنبھالنے کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم اب صورتحال تبدیل ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں شامل کی جانے والی دو نئی پی ایس ایل ٹیموں کی نیلامی توقعات سے کہیں بہتر رہی، جس کے بعد بورڈ نے ملتان سلطانز کو بھی نیلامی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کے نزدیک موجودہ وقت اس فرنچائز کی فروخت کے لیے نہایت موزوں ہے۔
اطلاعات کے مطابق ملتان سلطانز کی فروخت اوپن بڈنگ کے ذریعے کی جائے گی، جس کے لیے جلد اشتہار جاری کیا جائے گا۔ قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد اس حوالے سے باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ نیلامیوں میں ریکارڈ قیمتیں سامنے آنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث متعدد ممکنہ خریدار ملتان سلطانز میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ پی سی بی کو امید ہے کہ فرنچائز مناسب اور بہتر قیمت پر فروخت ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ حالیہ آکشن کے بعد پی ایس ایل 11 میں ٹیموں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے، جن میں حیدر آباد اور سیالکوٹ کی نئی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔

Leave a reply